میں بھی پیچھے رہ جانے والے بلاگرز میں سے ہوں تھینکس ٹو محب علوی اور راشد کامران بھائی کہ ہفتہ کی بجائے دو ہفتہ کا دورانیہ رکھنے کی تجویز پیش کی ۔ ورنہ میں بھی ہفتہ بلاگستان میں شریک نہ ہوسکتی تھی اور میری سب تحریریں رہ جاتیں انٹرنیٹ کے مسائل کی وجہ سے۔
ہفتہ بلاگستان میں ڈسکشن ڈے کو اردو بلاگنگ کے لیے بالخصوص مختص کیا تھا ، میرا اس حوالے سے دو تحریریں پوسٹ کرنے کا دل ہے(اگر میرے پاس انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کا مسئلہ حل ہو گیا)۔ ان دو میں سے ایک پوسٹ اردو بلاگنگ کے ذیل میں کچھ نکات جو میرے ذہن میں ہیں وہ شیئر کرنا ہیں اورایک پوسٹ در واقع ایک تجویز ہے ۔ یہ تجویز میں پہلے پوسٹ کر رہی ہوں تاکہ اگر دوسری تحریر پوسٹ کرنے کا موقع نہ مل سکے تو یہ تجویز رہ نہ جائے۔
مجھے کچھ عرصہ قبل اردو انٹرنیٹ دنیا کی تاریخ مرتب کرنے کا شوق چرایا تھا اور کچھ عرصہ سے میں یہ کام ایک پراجیکٹ کی شکل میں شروع کیا ہوا ہے ۔ یہ کام کس مرحلہ پر ہے اس کی تفصیل میں بعد میں دوسرے موقع پر لکھوں گی ۔ میری خواہش ہے کہ دوسرے نام بھی اگر اس پراجیکٹ میں شریک ہو سکیں ۔ اس وقت اس کا ذکر یوں کہ اس پراجیکٹ پر کام کرتے مختلف زاویوں سے ایسے نام سامنے آ رہے ہیں جن کی اردو دنیا آئندہ و ہمیشہ ممنون رہے گی ۔ اسی احساس کے پیش نظر میرے ذہن میں یہ خیال آیا کہ اردو دنیا کے لیے ایک خصوصی ایوارڈ مختص و اجراء کیا جائے کہ جو اردو دنیا کے ایسے ناموں کی خدمات کے اعتراف کے طور پر انہیں دیا جائے جن کی وجہ سے انٹرنیٹ کی دنیا میں اردو کی ترویج و ترقی میں نمایاں و دور رس نتائج کی حامل پیش رفت ممکن ہوئی ہو ۔ یہ وہ نام ہوں گے جنہیں ان کے کاوش و کوشش و خدمات کو سامنے رکھتے ہوئے ایوارڈ دیا جائے ۔ آغاز کے طور پر میں یہاں چار نام پیش کر رہی ہوں جنہوں نے اردو دنیا میں بالعموم اور اردو بلاگنگ کے لیے بالخصوص شاندار کام کیا ہوا ہے اور ان کی کوشش و کاوشیں اس نوعیت کی ہیں کہ ان کی خدمات کا اعتراف ضرور بالضرور کیا جانا چاہیے، اس طرح ہم اردو دنیا میں ایک مثبت روایت کی بنا بھی رکھ سکیں گے۔ اس ایوارڈ کی خاص بات یہ ہو گی کہ اس کا فیصلہ ووٹ کی بجائے اردو کی ترویج کے لیے کیے گئے تمام کار و سعی کی نوعیت ، کمیت اور کیفیت کی بناء پر ہو گا ۔
اب یہ کہ اس ایوارڈ کا نام کیا ہو میں اس ایوارڈ کے لیے ایک نام اپنی جانب سے تجویز کرنا چاہوں گی “اردو ایوارڈ” تاہم ساتھ ہی آپ سب کو بھی دعوت ہے کہ اس ایوارڈ کے لیے اگر اس سے بہتر عنوان تجویز کرنا چاہیں ۔ میں اس ایوارڈ کے لیے درج ذیل چار نام پیش کر رہی ہوں :
نبیل حسن نقوی
زکریا اجمل
بدتمیز
محب علوی
فی الحال میں صرف نام پیش کر رہی ہوں ان سب کی خدمات ہم سب کے سامنے ہیں میں بعد میں ان سب کے کیے ہوئے تمام کام و کاوشوں کی جداگانہ تفصیل جو میں مرتب کر رہی ہوں پیش کرنا چاہوں گی ۔ انٹرنیٹ میں اردو کی تاریخ مرتب کرتے ہوئے مجھے یہ امر بہت دلچسپ لگا کہ اس وقت اردو دنیا میں جتنے بھی فعال نام مختلف زاویوں میں ہمیں نظر آ رہے ہیں ان میں سے بیشتر نام کسی نہ کسی حوالے سے یا کسی مرحلہ پر درج بالا ناموں کے زیر بار احسان نظر آتے ہیں ۔
مجھے اس سفر میں کچھ دیگر نام بھی نظر آئے ہیں اور کوشش ہے کہ ان کے کار و سعی کا بھی مکمل سراغ لگایا جا سکے۔ ان کی کوششوں کا احاطہ کرنے کے نتیجہ میں ممکن ہے کہ اس فہرست میں مزید اضافہ کیا جا سکے۔
میں یہ بھی چاہوں گی اس مثبت روایت کی بنیاد رکھنے میں اگر آپ سب تجاویز و آراء دینا چاہیں اسے بہتر شکل دینے کے لیے تو آپ کو اس سلسلے میں دعوت شرکت ہے ۔
آپ سب کا بہت شکریہ


August 25th, 2009 at 8:13 am
منظرنامہ کی انتظامیہ اس ایوارڈ کو بھی اپنی لسٹ میں شامل کر سکتی ہے۔ قدیر صاحب کا نام بھی اس سلسلے میں نمایاں رہا ہے ان پر بھی آپ تحقیق کر سکتی ہیں۔ ہمیں ایوارڈ کا نام تو موزوں لگا ہے۔
August 25th, 2009 at 9:06 am
ایوارڈ کا نام تو درُست ہی ہے اور آپ کی تجاویز بھی زبردست ہیں اور یہ بھی یقین نہیں آرہا کہ شرارتی بچہ کیا کیا کُچھ کر سکتا ہے ماشاءاللہ
اللہ کرے زورِ قلم اور زیادہ
August 25th, 2009 at 9:09 am
August 25th, 2009 at 1:36 pm
میں اگرچہ بہت طویل عرصے سے بلاگ کی دنیا سے وابستہ نہیں ہوں لیکن بہت زیادہ نیا بھی نہیں ہوں، اوپر دے ہوے ناموں سے کچھ حد تک واقفیت تو ہے، لیکن ان افراد کی کاوشوں سے آگاہی نہیں رکھتا، کیا ہی اچھا ہو اگر ان افراد کو ایوارڈ دینے کے ساتھ ساتھ ان کا تفصیلی تعارف بھی کروا دیا جائے، تاہم تجاویز بہت اچھی ہیں اور میں آپ سے اتفاق کرتا ہوں
August 26th, 2009 at 6:32 am
اگر نیٹ اور کمپیوٹنگ کی دنیا میں اردو کی بات ہو تو کئ اور نام بہت اہم ہیں۔
August 28th, 2009 at 11:09 am
یہ ایوارڈ کا سلسلہ اچھارہے گا
اگر آپ اتنی تاریخ مرتب کر چکی ہیں تو
کارہائے نمایاں انجام دینے والوں کو تاریخ کے حساب سے رکھ کر ایوارڈ دئے جائیں تو بہتر رہے گا
یہ میرا خیال ہے
جو یقیناً غلط ہو سکتا ہے بلکہ ہے
August 29th, 2009 at 2:00 am
سارے ایواڑ تو قلم تراز ہی لیے جائیں گے ۔
August 31st, 2009 at 5:27 am
میں قدیر کا نام بھی تجویز کروں گا ویسے میرے ذہن میں بھی کئی دنوں سے کچھ چل رہا ہے اس لئے واپس آیا ہوں :P