شگفتہ on August 21st, 2009
« ہفتہ بلاگستان : دعوتِ شرکت
ہفتہ بلاگستان : آج کے دن کی نسبت سے »

ہفتہ بلاگستان میں یہاں سے چل کر تو کھانے پکانے تک آ پہنچے یعنی کہ ۔ ۔ ۔ یوم باورچی خانہ ۔ ۔ ۔ پہلی پوسٹ اس سلسلے کی صبح سویرے ہونی چاہیے بیڈ ٹی کے ساتھ ۔ ۔ ۔ تو میری صبح تو ہو چکی بلکہ سحری ہو چکی ۔ ابو رمضان شروع ہونے سے پہلے ہی روزے رکھنا شروع کر دیتے ہیں تو ابھی ابو کو سحری میں چائے بنا کے دی میں تاکہ روزہ رکھوانے کا دکھاوا کر کے خدا سے اپنے روزے نہ رکھنے کی رعایت حاصل کی جا سکے اور یوم باورچی خانہ کی پوسٹ بھی لکھی جا سکے۔ تو آج ہم دیکھیں گے کہ چائے کیسے بنتی ہے !

ضروری اشیاء :

صرف ایک عدد چمچ (ہلانے کے لیے)
کم از کم ایک چائے کا مگ / کپ / پیالہ
چولہاکم از کم ایک عدد
چائے کی پتی
شکر
ایوری ڈے خشک دودھ ورنہ کوئی سا بھی خشک دودھ
کمپیوٹر

اہم نکات :

جو چیزیں ضروری اشیاء کی فہرست میں نظر نہ آئیں انہیں ترکیب سے خود ہی ڈھونڈ لیں۔
جو چیزیں گھر میں موجود نہ ہوں پڑوس سے بغیرکچھ شرمندہ ہوئے مانگ لیں اور بلکل بھی نہ ہچکچائیں
اگر آپ کو کسی جگہ لگے کہ یہ ترکیب خاص طور پرآپ کے لیے لکھی گئی ہے تو یقینا یہ ترکیب آپ کے لیے ہی لکھی گئی ہے۔

اب آتے ہیں طریقہ کی جانب :

تو چائے بنانے اور پینے کے طریقے بہت سے ہیں ویسے میرا ذاتی مشورہ تو یہ ہے کہ بنانے سے زیادہ بندے کو پینے پر توجہ اور دلچسپی رکھنا چاہیے ۔ ۔ ۔ سب سے آسان طریقہ تو یہ ہے کہ جس کا بھی گرما گرم چائے سے بھرا کپ ، مگ ، پیالہ کبھی بھی نظر آئے تو جیسا ہے جہاں ہے بلکہ جس کا بھی ہے کی بنیاد پر اٹھائیں اور خدا کی غیبی مدد سے دل کھول کر لطف اندوز ہوں کہ من و سلوی ہر کسی کو نہیں ملتا ۔ ۔ ۔ دوسرا آسان طریقہ یہ ہے کہ گھر میں جس کی بھی پتلی گردن نظر آئے تو جان لیں کہ وہی بہترین نام ہے جو آپ کے لیے چائے بنا سکتا ہے سو خدمات حاصل کرنے میں ذرا بھی دیر نہ لگائیں اور یاد رکھیں کہ ایسے میں ہچکچانا ، یا مروت کا مظاہرہ کرنا سراسر نقصان کا باعث ہو گا اور آپ کو چائے ہرگز نہیں ملے گی ۔ ۔ ۔ اس طریقے پر اس وقت تک عمل کریں جب تک کہ گھر کے سب لوگوں کر یقین نہ ہو جائے کہ ان کی گردن ہرگز ہرگز پتلی نہیں ہے ۔ ۔ ۔

جب کبھی بھی آپ کی زندگی اس دکھ بھرے موڑ پر آ پہنچے کہ گھر میں کسی کی گردن پتلی نہ رہے تو اب کیا کریں۔ ۔ ۔ گھبرائیں نہیں ۔ ۔ ۔ اب کچھ اور سوچتے ہیں ۔ ۔ ۔ ایسا کریں کہ یہ بتائیں کیا آپ کو نعرہ لگانا آتا ہے ، نہیں آتا ۔ ۔ ۔ تو جان لیں کہ آپ نے اپنی اب تک کی زندگی گنوا دی ہے اپنی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے بلا تاخیر کوئی سیاسی ورنہ مذہبی پارٹی کے کارکن بن جائیں کیونکہ ہم اس قوم سے ہیں جسے خدا نے بھیجا ہی اسلیے ہے کہ نعرہ بازی کرتے اور ایک دوسرے کے خلاف نعرے لگاتے لگاتے جاں سے گذر جائیں اس سلسلے میں کسی مسلکی پارٹی کا انتخاب ثابت کرے گا کہ آپ بہت بڑھیا ہیں (یہاں ب پر زبر لگا کے پڑھیں) ۔ ۔ ۔ بھیجا پر یاد آیا کہ “یوم باورچی خانہ” کے لیے آج “بھیجا” بھی بنایا پکایا جا سکتا ہے۔ یہ تو ہوا مفت کا مشورہ آپ کے لیے اب یہ بتائیں ذرا کہ “بھیجا” کھایا ہے کبھی ؟؟ جتنا زیادہ بدمزہ بھیجا ہو وہ اتنا ہی اصلی ہوتا ہے، نقلی بھیجا پکانے سے گریز فرمائیں ، “بھیجا” صرف اصلی پکانا چاہیے ۔ ۔ ۔ تمام لوگ جو اصل پر یقین رکھتے ہیں الگ سے لائن بنائیں اگر آپ واقعی اصل پر یقین رکھتے ہیں تو جان لیں کہ اللہ میاں نے سب سے اصل بلکہ اصیل ترین بدمزہ بھیجا کائنات میں صرف ایک ہی شخص کو عطا کیا ہے اور وہ صرف آپ ہیں دوسرا کوئی نہیں آیا دنیا میں مثل آپ کے ۔ ۔ ۔ اس جملہ کے حقوق ہر پڑھنے والا اپنے نام کے ساتھ استعمال کر کے بھیلا سکتا ہے کیونکہ یہ جملہ کاپی رائٹ سے آزاد ہے اور یقیناً حقیقت سے قریب بھی :p ۔ ۔ ۔ ویسے اگر آپ کو اپنا “بھیجا” کچھ کم درجہ کا لگے یا خدانخواستہ اندر سے بالکل ہی خالی ہو تو گھرائیں نہیں کسی فورم کی رکنیت حاصل کر لیں ۔ ۔ ۔ وہاں آپ کو ایسے شاندار بھیجے نظر آئیں گے کہ رشک و حسد کے ساتھ ساتھ آپ کو فیصلہ کرنا مشکل ہو جائے گا کہ آپ در واقع کس کیفیت میں ہیں اور آپ کا عمل کیا ہونا چاہیے۔ ۔ ۔ آیا روئیں کہ ہنسیں ۔ ۔ ۔ تعزیتی و دعائیہ پوسٹ کے زمرہ میں جائیں یا پھر بیسٹ وشز کا کارڈ لگائیں ۔ ۔ ۔ اور ہاں آپ کو بلا فصل اللہ میاں سے شکوہ ہو گا کہ یا اللہ ! میری بار کیوں دیر اتنی کری ۔ ۔ ۔ کیسے کیسے بھیجے تو نے بھیجے اس دنیا میں اور صرف مجھی کو ہی محروم رکھا ایسے اصیل بھیجے سے۔ ۔ ۔ فورم کی رکنیت حاصل کرنے کے بعد پوسٹس کی ایک مقررہ تعداد پہلے مکمل کرنا ضروری ہو تو یقین رکھیں کہ آپ کا خالی بھیجا مزید خالی نہیں رہے گا ۔ الل ٹپ پوسٹس کرنے کے لیے آپ کو ایسی ایسی آمد ہو گی کہ آپ خود دنگ رہ جائیں۔ ۔ ۔ دوسروں پر کیا گذرے اس کی ذرہ برابر پرواہ نہ کریں ۔ ۔ ۔ معاف کیجیے گا نعرہ سے بات چلی اور کہاں سے کہاں جا پہنچی ویسے کیا آپ کو معلوم ہوا کہ ہماری قوم زندہ و جاوید نعروں کے باوجود کیوں اب تک پیچھے ہے ؟ اچھا رہنے دیں اب سوچنے نہ بیٹھ جائیں کہیں کیونکہ سوچنا شروع کیا تو چائے کیسے بنے گی تو ایسا ہے کہ گھر میں نعرہ لگائیں کہ کیا “کسی کو چائے پینی ہے؟” اگر یہ نعرہ ڈھیلا ثابت ہواور بھر پور نتیجہ نہ دے سکے تو دوسرا نعرہ بہتر رہے گا یعنی اس طرح ۔ ۔ ۔ “ہاں جی کون کون امیدوار ہے چائے کا؟” ۔ ۔ ۔ اگر کراچی میں رہتے ہیں تو دونوں نعروں سے پرہیز فرمائیں کوئی تیسرا نعرہ سوچیں ۔ ۔ ۔ کہ کراچی میں کھڑے یہ نعرہ لگایا تو گھر تو گھر محلے سے بھی جواب آ سکتا ہے کہ “ہاں جی پینی ہے کہ کوسوں میل دور فاصلے پر بھی چائے کی خوشبو پہنچ جائے اور اہل کراچی بد ذوق ہرگز نہیں کہ اتنی اچھی آفر ٹھکرا دیں ۔ ۔ ۔ یا پھر آپ کو ڈاہڈا ہونا چاہیے کہ پورے اعتماد کے ساتھ نعرہ لگا سکیں تو ایسا کریں کہ جتنے کپ آرڈر آئے اتنے کپ پانی بھر کر چڑھا دیں چولہے پر اور دودھ ، پتی ، شکر سب نکال لیں چولہا جلانا ہرگز نہ بھولیں ورنہ چائے کیسے بنے گی۔ زیادہ دل گداز ہو جائے تو سب مگ یا کپ یا پیالے بھی سجا لیں ٹرے میں ۔ ۔ ۔ اور پھر کمپیوٹر کے آگے آ کے تو بلاگ پوسٹ لکھنے بیٹھ جائیں ہفتہ بلاگستان کے لیے میری طرح اور انتظار فرمائیں کہ چائے کے پانی کا درجہ حرارت اور خواہشمندان چائے کی طلب دونوں ایک ساتھ و ایک برابر بڑھیں اور اس وقت تک دم سادھے بیٹھے رہیں جب تک کہ دونوں نقطہ پگھلاؤ تک نہ پہنچ جائیں ۔ ۔ ۔ نقطہ پگھلاؤ سمجھنے کے لیے آپ کو نویں تا انٹر کیمسٹری پڑھنا ضروری ہے نہیں تو کسی کیمسٹری پڑھے سے رجوع کر لیں ۔ ۔ ۔ جب یہ طلب اور درجہ حرارت اس حد تک بڑھ جائے کہ جوابی نعرہ آئے ۔ ۔ ۔ ہاں بھئی وہ چائے کہاں رہ گئی تو تمام امیدواروں میں جو سب سے زیادہ دلگداز ہو اس سے درخواست کریں کہ “لللہ ، ذرا چائے تو نکال دینا سب کچھ تیار ہے بس صرف نکالنا باقی ہے اور ایک کپ مجھے بھی دے دینا یہاں” ایسے موقع پر کسی بھی قسم کے جوابی نعروں یا حملوں کے لیے تیار رہیں لیکن فراموش نہ کریں کہ آپ نے اٹھنا بالکل بھی نہیں ہے سیٹ سے چائے نکالنے کے لیے بلکہ جذباتی بھی ہوا جا سکتا ہے اس موقع پر کہ “سارا کام تو میں نے کر دیا ہے اب تو صرف نکالنا باقی ہے” ۔ ۔ ۔ یقین رکھیں اللہ میاں نے کسی نہ کسی کے دل میں رحم ڈال دینا ہے آپ کے لیے۔ ۔ ۔ اور چائے بن جائے گی ۔ ۔ ۔ :smile

اب کچھ مشکل طریقہ بھی ہو جائے ۔ ۔ ۔ تو ایسا ہے کہ خدانخواستہ نہیں بلکہ یقیناً کوئی نہ کوئی دن آپ کی غمزدہ زندگی کو مزید غمزدہ بنانے والا بھی آ سکتا ہے اور اس دن خدا سے لے کر بندگانِ خدا تک کوئی آپ کی مدد کو نہیں آئے گا ۔ اس دن دو راستے ہیں آپ کے پاس ۔ ۔ ۔ یا تو چائے پینے سے اس دن توبہ فرمائیں :p کہ توبہ خدا کو بہت پسند ہے اور توبہ کرنے والا گناہگار بندہ خدا کو ایسے نیکو کاروں سے بڑھ کر پسند ہے جس نے کبھی کوئی گناہ نہ کیا ہو لیکن اپنے گناہ نہ کرنے پر مغرور ہو ۔ ۔ ۔ یہ تو ہوا پہلا رستہ دوسرا رستہ یہ ہے کہ چائے بنائیں اپنے لیے اور صرف اور صرف اپنے لیے۔ ۔ ۔ ایک بار پھر ۔ ۔ ۔ صرف اور صرف اپنے لیے بنانا ہے کہیں دوسروں کے لیے بنانے بیٹھ جائیں۔ تو یہ ہوگی تنی منٹی چائے (ت کے نیچے زیر لگا کے پڑھیں) ۔ ۔ ۔ دیکھیں کیسے ۔ ۔ ۔ پہلے منٹ میں ایک کپ چائے کے لیے پانی چولہے پر رکھیں ، چولہا جلائیں اور پانی کو موقع دیں کہ کھول جائے ۔ ۔ ۔ اس دوران ایک سوال جنرل نالج کا ہو جائے یہ بتائیں کہ دنیا میں کتنے فیصد لوگ تنقید کو تعمیر کے لیے پیش کرتے ہیں اور کتنے فیصد تخریب کے لیے ؟ اگر آپ کوئی تعمیری قدم اٹھانا چاہیں تو یہ فرق جاننا و سمجھنا اشد ضروری ہے آپ کے لیے ورنہ معلوم نہیں ہوسکے گا کہ کون مخلص اور کون محض تنقید نگار ۔ ۔ ۔ تو ایسا کریں کہ کسی تعمیری پراجیکٹ کو رضاکارانہ بنیادوں پر چلائیں اور پھر رضاکار بن کر زندگی تمام کر لیں اپنی اور ہاں خیال رہے کہ کام آپکو خودہی کرنا ہو گا :p کم لوگ ہوں گے جو کام میں آپ کے ساتھ چلنے والے ہوں (ایسے روشن ناموں کی دل کی گہرائیوں سے قدر کریں اور ان کا احسان ہمیشہ یاد رکھیں)۔ ۔ ۔ تاہم گھبرائیں نہیں کیونکہ باقی بہت سے رضاکار آپ کی مدد سے کبھی غافل نہیں رہیں گے وہ آپ پررضاکارانہ تنقید کریں گے اور اس حد تک کریں گے کہ آپ بھول جائیں گے کہ ان میں سے اکثریت کو آپ نے کچھ ذمہ داریاں بھی سونپی تھیں جنہیں باآسانی نظر انداز کر دیا گیا ۔ ۔ ۔ اب قصور توسراسر آپ کا ہوا ناں کہ جو نام اللہ میاں نے دنیا میں بھیجے ہی صرف اس لیے ہوں کہ وہ کچھ نہ کریں سوائے تنقید کرنے کے اور آپ نے حکمِ خداوندی کو نظر انداز کر کے انہیں کام سونپ دیے انجام دینے کے لیے تو یہ تو آپ کی اپنی غلطی ہے نہ کہ دوسروں کی ۔ ۔ ۔ لہذا آپ کو یہ پوچھنے کا حق بھی نہیں ہے کہ “محترمین و مکرمین ! واللہ ۔ ۔ ۔ نقطہ انجماد تنقید کی اس درجہ معرفت حاصل کرنے سے پہلے آپ کو بھی فلاں فلاں ذمہ داری سونپی گئی تھی تو اب تک انجام کیوں نہ پائی ؟ کام آپ نے کر کے بھیجا نہیں اور کچھ اپنی جانب سے گر بھیجا بھی تو کیا بھیجا صرف تنقید ؟ یہ لیں یہ بھیجا پھر سے آ گیا درمیان میں لہذا پھر سے آمد ہو چلی ہے اور میرا تو دل ہے کہ کچھ “مسلکی بلاگرانہ بھیجوں” پر بھی لکھنے کا حق ادا کیا جانا چاہیے لیکن پھر ہفتہ بلاگستان میں چائے بنانا کوئی بھی نہ سیکھ سکے گا لہذا رہنے دیں۔ ویسے اگر رضاکارانہ پراجیکٹ کی ہمت نہ ہو تو پھرخالی بلاگ دنیا کی سیر کر لینا بھی کافی حد تک افاقہ دے سکتا ہے۔ ۔ ۔ اس سلسلے میں “مسلکی بھیجے” خصوصیت سے آپ کے لیے انتہائی مددگار ثابت ہوں گے ۔

تنی منٹی چائے بنانے میں دو منٹ اگر آپ نے نکال دیئے سوچنے میں اب صرف آخری منٹ بچا ہے ، ذرا دیکھیے گا پانی کے ساتھ ساتھ آپ خود کو بھی نقطہ کھولاؤ پر محسوس کر رہے ہوں گے اس وقت اگر ابھی تک یہ میری پوسٹ پڑھ رہے ہیں تو پوسٹ پڑھنا آپ کا قصور ہے نہ کہ میرا ۔ ۔ ۔ دیکھیں مزید نہ سوچیں بلکہ فوراً سے یہ سامنے والا کیبن کھولیں کپ ، مگ یا پیالہ جو بھی پہلی نظر میں سامنے آئے اسی کو اٹھا لیں اور اسے گرم پانی سے بھر لیں ۔ پھر اس میں آدھ چمچ چائے کی پتی ڈالیں تو پانی میں ایک چھوٹا سا دائرہ بنتا نظر آئے گا، پھر ایک چمچ ایوری ڈے دودھ ڈالدیں تو ایک اور دائرہ پانی میں نظر آئے گا پھر ایک چمچ شکر بھی ڈالیں تو ایک تیسرا دائرہ نظر آئے گا ۔ ۔ ۔ اب چمچ ہلائیں اور ہلاتے رہیں جیسے ہی پانی ، شکر ، دودھ اور چائے کی پتی اپنی جداگانہ شناخت ختم کر کے چائے کی شکل اختیار کر لیں تو ایک بڑا سا دائرہ نظر آئے گا اب ۔ ۔ ۔ لہذا سمجھ جائیں کہ تیسرا یعنی آخری منٹ ختم ہونے سے پہلے آپ چائے بنانے میں کامیاب ہیں ۔ اپنی چائے اٹھائیں اور شان سے دوبارہ سے کمپیوٹر کے سامنے آ کے بیٹھ جائیں اور ہاں کسی کو صلح مارنے کی ہرگز ضرورت نہیں ۔ یہ دیکھیں میری چائے تو تیار ہے یہ صرف میں اپنے لیے بنائی ہے کیونکہ آپ سب سیکھ چکے ہیں چائے بنانا لہذا اب آپ سب اپنی اپنی چائے خود بنائیں تین منٹس کے اندر اندر اور پھر لکھیں اور بتائیں کہ چائے سیکھنے اور اپنے ہاتھ کی بنی چائے پینے تک آپ پر کیا کچھ گر گئی :smile اور اب اس سوال کا جواب دیں جو نیچے لکھا ہے ۔ جس جس کا جواب درست ہو ان کے لیے یہ پاکولا انعام میں اور ہفتہ بلاگستان کی خصوصی ڈش بریانی بھی :smile

(نوٹ : چائے کی طرح اگر بریانی پکانے کا طریقہ بھی درکار ہو تو بریانی کا طریقہ بھی لکھا جاسکتا ہے۔)

Image and video hosting by TinyPic

Image and video hosting by TinyPic

Question of the (Kitchen) Day:

اتحاد کے لیے اپنی جداگانہ شناخت کے چھوٹے دائروں میں مقید رہنے کی بجائے ایک بڑے دائرے کی شکل اختیار کرنا ایک بلند ترسطح پر آنا ضروری ہوتا ہے کیا وجہ ہے کہ مسلک کا چھوٹا دائرہ ہی بس اہم رہ گیا ہے اور اسلام اور اسلام کی بنیادی تعلیم یاد تک نہیں ؟ کوئی ہے جو مسلمان ہو ؟؟

کمنٹس

  1. یہ چائے کا ترکیب ہے کہ بابا اشفاق مرحوم کا کوئی ناول ۔ :omgha

  2. سلام شگفتہ

    چائے بنا بنائے پینے کا آسان اور آزمودہ طریقہ
    اگر چار لوگ بیٹھے ھیں آپ پر سستی طاری ھے چائے پینے کو دل کر رھا ھے مگر بنانے کا دل نہیں کر رھا
    آپ با آوازِ بلند سب سے پوچھیں کس کس نے چائے پینی ھے
    جو کہے میں نے پینی ھے اس سے کہیں اوکے ایک کپ اپنے لیے بناؤ تو ایک کپ مجھے بھی بنا دیا
    جواب میں گھورئیاں اور جلی کٹی سننے کو مل سکتی ھے مگر ڈھیٹ بنے رھیں
    اگر مقابل آپ سے زیادہ ڈھیٹ نا ھوا تو دو چار سننانے کے بعد آپ کو چائے مل جائے گی :cn

    ویسے شگفتہ بلاگ پڑھنے سے پہلے پائے بنانے رکھے تھے وہ بن گئے مگر آپ کی چائے ابھی پک رھی تھی

  3. haaaaaaaaaaaaaaaaahhahahahahahahha
    itnay arsaty baad aap ki koi itni achi tehreer parhnay ko mili hy :omgha
    waisay chaye main pani kon dalta hy chaye to khalis doodh ki hi achi lagti hy :ainko
    or batayen kia aap nay yeh sari tehreer 3 ghantay main mukammal karli thee?????

  4. بالکل مزے کی ترکیبیں نہیں ہیں
    اس سے مزیدار تو ”جعفری ترکیبیں“ ہیں :d

  5. یقینا میرا ذکر خیر ہورہاہے
    آپ نے چائے پلوانے کے لئے جتنا پینڈا کروایا ہے، اب تو بھوک لگ گئی ہے
    :sho

  6. آپکی چائے پی کر دوبارہ کلمہ پڑھیں گے اگر زندہ رہ گئے تو :rollingeye

  7. شگُفتہ میں تو اِتنی معصُومیت سے جلدی جلدی سے اِتنا ڈھیر کھانا بنانے کھڑی ہو گئ کہ کِچن کارنر میں تو کھانا ہی بنایا جائے گا مُجھے کیا پتہ تھا بھیجہ پکانا ہے جو ماشاءاللہ آپ نے بہُت اچھا پکایا ہے ابھی صُبح صُبح ہی روزہ لگنا شُرُوع ہو گیا ہے سر بھی درد کرنے لگا ہے اور مزے کی بات روزے میں چائے پینے ،،ارے نہیں چائے کا تو نام بھی نہیں لینا ،،ویسے آپس کی بات ہے بے حد تازہ دم کرنے والی تحریر ہے ہمیشہ کی طرح بہترین اور ایک پنتھ دو کاج بھی ہو سکتے تھے یومِ مِزاح پر بھی یہی تحریر لگا دینا
    خُوش رہو ،جیتی رہو

  8. or please biryani pakanay ki tarkeb bilkul na bataye ga agar chaye 2 din main banay gi to biryani k liye to saath jana chahiye hongay :op or tasveer itni achi hy k pakaye baghair raha bhi nahi jaye ga :sharmeli

Trackbacks/Pingbacks

  1. منظرنامہ » ہفتہ بلاگستان ایوارڈز نتائج

Leave a Reply

You will be able to edit your comment after submitting.



CommentLuv Enabled